مواد

میجر جنرل سلیمانی کی شہادت امریکی حکومت کے لئے دنیا بھر میں ذلت اور رسوائی کا موجب بن گئی


Aug 26 2021
میجر جنرل سلیمانی کی شہادت امریکی حکومت کے لئے دنیا بھر میں ذلت اور رسوائی کا موجب بن گئی
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے شہید سلیمانی کی تشییع جنازہ میں کئی ملین افراد کی شرکت کو حضرت امام ” خمینی (رہ) ” کے راستے پر عوام کے گامزن رہنے، ان کے ساتھ تجدید عہد کرنے  اور امام  (رہ) کے زندہ ہونے پر مبنی  پیغام قراردیتے ہوئے فرمایا:  اس واقعہ میں صہیونی میڈیا، صہیونی نیٹ ورک اور امریکہ کے دہشت گرد حکام نے ہمارے عزيز اور عظيم کمانڈر پر دہشت گردی کا الزام عائد کرنے کی ہر ممکن کوشش کی ، لیکن اللہ تعالی نے اس منظر کو اس طرح تبدیل کردیا کہ نہ صرف ایران میں بلکہ دوسرے مختلف ممالک میں بھی اس عظيم شہید پر عقیدت اور احترام کے پھول نچھاور کئے گئے ان پر درود اور سلام بھیجا گيا اور امریکہ و اسرائیل کے پرچموں کو نذر آتش کیا گیا۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے ان حقائق کو ملک و معاشرے میں اللہ تعالی کی طرف سے اور اس کے دست قدرت  کی ہدایت اور نشانی قراردیتے ہوئے فرمایا: ان مجاہدین کے پیکروں کی تشییع کے علاوہ ان کی اصل شہادت بھی آیات الہی ہے کیونکہ میجر جنرل سلیمانی پورے علاقہ میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک معروف ، مضبوط ، قوی اور بہادر کمانڈر تھے ، جن کی شہادت امریکی حکومت کے لئے دنیا بھر میں ذلت اور رسوائی کا موجب بن گئی۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے شہید سلیمانی کی شجاعت نیز خطرات کا مقابلہ کرنے اور دشمن کے محاصرے والے علاقوں سے دشمن کو فرار ہونے پر مجبور کرنے کے دلیرانہ اقدام کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: امریکہ جنگ کے میدان میں اس عظیم شہید کا مقابلہ نہیں کرسکا لہذا اس نے اس عظيم کمانڈر کو رات کی تاریکی میں چھپ کر بزدلانہ اور مجرمانہ حملے ميں شہید کیا اور امریکہ کے اس مجرمانہ اقدام سے اس کا بھیانک چہرہ دنیا کے سامنے مزید نمایاں اور رسوا ہوگیا۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نےفرمایا:  اس سے قبل اسلامی مزاحمت کے رہنماؤں کو اس طرح کے بھیانک اور بزدلانہ جرائم کے ذریعہ اسرائيل قتل کیا کرتا تھا البتہ امریکہ نے بھی عراق اور افغانستان میں کافی قتل عام کیا ہے لیکن اس بار امریکی صدر نے اپنی زبان سے دہشت گردی کے جرم کا اعتراف کیا ہے ” ہم دہشت گرد ہیں” ۔ امریکہ کی یہ سب سے بڑی ذلت اور رسوائی ہے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے حالیہ ہفتوں میں دوسرے یوم اللہ یعنی سپاہ کی طرف سے امریکہ کو سخت اور طاقتور جواب دینے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: یہ ایک مضبوط و مستحکم اور قوی رد عمل اور ایک مؤثر عسکری ضرب تھی ، لیکن فوجی ضرب سے کہیں زیادہ یہ ضرب امریکہ کی حیثیت اور ہیبت پر ضرب تھی اس ضرب نے امریکہ کے غرور اور تکبر کو خاک میں ملادیا ہے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے امریکہ کی شان و ہیبت پر سپاہ کے مہلک حملے کو دنیا میں امریکی توہین اور تذلیل کا موجب قراردیتے ہوئے فرمایا: اس مضبوط اور مستحکم چوٹ کی کسی دوسری چیز سے تلافی نہیں ہوسکتی ، امریکہ کی طرف سے مزید اقتصادی پابندیوں کی دھمکیوں سے امریکہ کی کھوئی ہوئی عزت واپس نہیں آسکتی۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے سپاہ کے سخت اور تباہ کن جواب میں دست قدرت کے جلوہ گر ہونے کو خلوص پر مبنی کوششوں کا نتیجہ قراردیتے ہوئے فرمایا: جس جگہ اور جس کام میں خلوص ہوگا ، اللہ تعالی اس کام میں برکت ، رشد اور نمو عطا کرتا ہے، اس کی برکات کو سب تک پہنچاتا اور باقی رکھتا ہے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے شہید حاج قاسم سلیمانی اور ان کے شہید ساتھیوں کی تشییع جنازہ میں اشک و آہ اور عشق و محبت کے ساتھ عوام کی بھر پور اور وسیع شرکت نیز قوم کے انقلابی جذبے کے تازہ ہونے کو سپاہ اسلام و ایرانیوں کے عظيم کمانڈر اور اس کے شہید ساتھیوں کے ٹھوس خلوص کا نتیجہ قراردیا۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے حالیہ ہفتوں کے ایام اللہ کی قدر و منزلت کو پہچاننے اور ان کی حقیقت کو سمجھنے پر زوردیتے ہوئے فرمایا: حاج قاسم سلیمانی اور حاج ابو مہدی مہندس کی حقیقت ایک فرد کی حیثیت سےنہیں بلکہ وہ ایک نظریہ اور ایک مکتب ہیں وہ مشعل راہ ، نمونہ عمل اور سبق آموز مدرسہ کی حیثیت رکھتے ہیں۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: سپاہ قدس کو صرف  ایک ادارہ اورایک اداری مجموعہ نہیں سمجھنا چاہیے بلکہ سپاہ قدس ایک انسانی ادارہ ہے جس کے محرکات عظیم اور نجات بخش ہیں اور یہی وہ حقیقی زاویہ نگاہ ہے جس کی بنا پرعوام  سپاہ قدس کے عظیم کمانڈر کی تعظیم اور تکریم کے لئےتشییع جنازہ میں شریک ہوئے ہیں ۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: البتہ تمام مسلح افواج ، سپاہ ، فوج اور رضاکار فورس کی فکری بنیاد اور اساس الہی اہداف پر مبنی ہے جبکہ سپاہ قدس سرحدوں سے باہر جہاں ضرورت ہوتی ہے اپنی ذمہ داریوں پر عمل کرتی ہے اور خطے کی مظلوم قوموں کی حمایت ، مدد اور مستضعفین کی کرامت کے تحفظ کے لئے حاضر ہوتی ہےاور اپنی تمام توانائیوں کے ساتھ  اسلامی مقدسات کے تحفظ کے لئے اقدام انجام دیتی ہے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے ایران کے سر سے جنگ ، دہشت گردی اور تخریبکاری کا سایہ دور کرنے کو سپاہ قدس کا اہم کارنامہ قراردیتے ہوئے فرمایا: ایران کی سکیورٹی اور سلامتی کا اہم حصہ ان مؤمن جوانوں کی تلاش و کوشش کا مرہون منت ہے جو حاج قاسم سلیمانی کی سربراہی میں برسوں سے جہاد اور فداکاری میں مشغول اور مصروف ہیں۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: البتہ اپنی جانوں کو ہتھیلی پر رکھنے والے شجاع جوان فلسطینیوں اور دوسرے مظلوموں کی مدد بھی کرتے ہیں اور اس کے ساتھ دشمنوں کو ایران کی سرحدوں سے دور رکھنے کے سلسلے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: امریکہ کی طرف سے داعش کی تشکیل اور اس کی حمایت کا اصلی مقصد ایران کی  سرحدوں کے آس پاس اور ایرانی شہروں کے اندر دہشت گردی اور بدامنی پھیلانا  اور ایرانی عوام کو پریشان اور تشویش میں مبتلا کرناتھا اور ان جان برکف اور سر فروش جوانوں نے عراق اور شام کی مدد کرکے درحقیقت امریکہ کے اس شوم منصوبہ اور گھناؤنی سازش کو ناکام بنادیا۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے ” نہ غزہ نہ لبنان ” کا نعرہ لگانے والے افراد کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: ان افراد نے کبھی اپنی جان ایران پر فدا نہیں کی حتی انھوں نے ملک کی سکیورٹی اور سلامتی کے لئے کبھی اپنے مفادات ،  آرام و سکون کو ترک نہیں کیا بلکہ یہ حاج قاسم سلیمانی اور ان کے ساتھی تھے جنھوں نے اپنی جان کو ہتھیلی پر رکھ کر ایران کے دفاع کے لئے میدان میں پہنچ گئے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے تہران، کرمان اور چند دوسرے شہروں میں ایران اور اسلام کے مایہ ناز کمانڈر اور ان کے ساتھیوں کی تشییع جنازہ میں کئی ملین افراد کی پرنم آنکھوں کے ساتھ شرکت و سوگواری اور اسی طرح  دوسرے شہروں میں شہید کی یاد میں عظیم اجتماعات اور عزاداری کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: اس عظیم تشییع میں دسیوں ملین ایرانیوں نے شرکت کرکے اس بات کا ثبوت دیا ہے کہ ایرانی عوام کا جس بھی  حزب، قوم و قبیلہ اور علاقہ سے تعلق ہو وہ باہمی اتحاد کے ساتھ انقلاب اسلامی کی حامی اور طرفدار ہیں اور وہ سامراجی طاقتوں کے ظلم و ستم کے مقابلے میں سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند کھڑے رہیں گے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: ایرانی قوم نے بڑے پیمانے پر واضح کردیا ہے کہ وہ شجاعانہ اور مجاہدانہ اندازمیں اسلام اور انقلاب کا بھر پور دفاع کرےگی وہ دشمن کے سامنے سرتسلیم خم نہیں کرےگی وہ اسلامی مقدسات اور مزاحمت کی نشانیوں سے عشق رکھتی ہے اور جو لوگ ملک کے اندر اور باہر کسی دوسرے انداز میں قوم کی تصویر کشی کررہے ہیں ان کی رفتار قوم کے ساتھ صداقت اور سچائی پر مبنی نہیں ہے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے حالیہ دنوں میں امریکی مسخرے کی طرف سے ایرانی عوام کے ساتھ کھڑا رہنے کے دعوے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: کیا وہ انگشت شمار افراد ایرانی قوم ہیں جنھوں نے ایرانی قوم کے مایہ ناز کماںدر کے فوٹو کی توہین کی یا وہ کئی ملین افراد ایرانی قوم ہیں جنھوں نے وسیع پیمانے پر سڑکوں پر نکل کرسپاہ اسلام کے عظيم کمانڈر کو خراج تحسین اور خراج عقیدت پیش کیا؟
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: امریکیوں نے کبھی بھی ایرانی قوم کا ساتھ نہیں دیا، اور وہ اس سلسلے میں واضح طور پر جھوٹ بول رہے ہیں۔ اگر وہ ایرانی قوم کے ساتھ بھی ہوںگے توایرانی قوم کے سینہ میں  زہر آلودہ خنجر گھونپنے کی کوشش کریں گے۔ البتہ اب تک وہ اس سلسلے میں کامیاب نہیں ہوئے ہیں اور اس کے بعد بھی وہ اس قسم کی کسی غلطی کا ارتکاب نہیں کرپائیں گے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے تشییع جنازہ میں قوم کی وسیع اور بڑے پیمانے پر شرکت کو قوم کے صادقانہ اور مخلصانہ جذبات پر مبنی قراردیا اور ایک ظریف نکتہ بیان کرتے ہوئے فرمایا: ایران بھر میں سخت انتقام کی جو فریاد کانوں تک پہنچ رہی ہے در حقیقت یہ فریاد ان میزائلوں کے منہ توڑ حملےکی ہے جنھوں نے امریکی ایئر بیس کو تہہ و بالا کردیا۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے حالیہ ہفتوں کے فیصلہ کن ایام اللہ کو فراموش کرنے کی کوششوں کیطرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: کوئی بھی مسئلہ ان تاریخی اور یادگار دنوں کی فراموشی کا سبب نہیں بننا چاہیے ۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: اس حادثے میں جتنا ہم اور ہماری قوم غمزدہ ہوئے اتنا ہی دشمن شاد اور خوشحال ہوئے کیونکہ انھیں سپاہ ، مسلح افواج اور اسلامی نظام کو نشانہ بنانے کا بہانہ مل گيا، لیکن اللہ تعالی کے دست قدرت کے سامنے ان کا یہ مکر بھی ناکام رہا اور سپاہ اسلام کے کمانڈر کی تشییع جنازہ  کا دن ، یوم اللہ ہے اسی طرح سپاہ اسلام کی طرف سے امریکی ایئر بیس پر حملے کا دن بھی یوم اللہ ہے اور یہ دونوں ایام اللہ،  اللہ تعالی کے فضل و کرم سے زندہ جاوید اور باقی رہیں گے۔


نظری برای این مطلب ثبت نشده است.

رائے

ارسال نظر برای این مطلب