مواد

خدا کا بندہ وہی ہے مری نگاہوں میں


Aug 21 2021
خدا کا بندہ وہی ہے مری نگاہوں میں
میجر جنرل قاسم سلیمانی شہید ؒ ایک میجر اور جنرل ہونے کے باوجود ،عظیم گفتار و کردار کے مالک ،بہت ہی نیک، پرہیز گار، صوم صلاۃ کے پابند نہایت خداترس، خوش الحان قاری اور حمیت اسلامی سے سرشار ایک مرد مجاہد، غریب و یتیم اور شہدا کے گھروالوں کی پرورش و امداد میں خاص حصہ لینے والے خاص کر مشرق وسطیٰ میں امن و سلامتی، اتحاد و اتفاق، احترام آدمیت، احترام مذاہب و مسالک اور احترام رائے کے قائل اور باہمی رواداری کے عظیم الشان پیامبر مانےجاتےتھے۔
جن کا مقصد و مشن خطہ سے امریکی اور اسرائیلی بالادستی، اس کے جبر و استحصال کا خاتمہ نیز اس کے پنجہ استبداد سے عراق و شام اور قدس کو آزادی دلانے اور ان علاقوں میں عدل و انصاف کے فروغ کے ساتھ ساتھ اپنے آزادی ٔ فکر، آزاد یٔ اظہار، احترام ِ آدمیت اور انسانی اقدار کی پاسداری تھی، یہ کہنا حق بجانب ہوگا کہ اسلامی جمہوریہ ایران میں مقام معظم رہبری کے بعد اگر کسی شخصیت کو عالمی اسلام دشمن عناصر کے مقابلے میں طاقتور سمجھا جاتا تھا وہ تووہ ۶۲ ؍سالہ شہید قاسم سلیمانی کی شخصیت تھی جو اپنی پوری زندگی راہ خدا میں جان و مال سے جہاد کرتے رہے اور سیسہ پلائی ہوئی دیوارکی طرح اپنے درینہ دشمن (امریکہ و اسرائیل …) کے سامنے یہ سوچ کر سینہ سپررہے کہ:
مجھے محسوس ہوتا ہے مجاہد مرد میں بھی ہوں
‌پرانے لشکر اسلام کا اک فرد میں بھی ہوں
خدمت خلق کی دهن
انسان انسان ہونے کی حیثیت سے ہمدردی کا مستحق ہے خواہ اس کا تعلق کسی قوم اورمذہب سے ہو۔ بلا شبہ انسانوں کے لئے انسانوں کا ایثار ہی اس دنیا کا حقیقی حسن ہے وہ لوگ واقعی بڑے باہمت ، قابل داد اور قابل ستائش ہیں جو دوسروں کے کام آتے ہیں۔ سورج کی عظمت یہ نہیں کہ وہ روشنی اور حرارت کا منبع ہے بلکہ سورج کا کمال یہ ہے کہ وہ اپنی روشنی اور حرارت سے پوری دنیا کو فائدہ پہنچاتا ہے۔
خدا کا بندہ وہی ہے مری نگاہوں میں
جو ہو شمار ہر انساں کے خیر خواہوں میں
خدا نہ جس سے ہو راضی وہ بندگی کیا ہے
کسی کے کام نہ آئے تو آدمی کیا ہے
خدمت خلق انسان دوستی کا دوسرا نام ہے۔جدید تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ دوسروں کی مدد کرنے والے انسانوں کا ذہنی دباؤ کم ہوتا ہے ،دوسروں کا درد رکھنے والوں کے دل زیادہ صحت مند ہوتے ہیںاور ایساانسان مختلف امراض سے محفوظ رہتا ہے ۔خدا کی رحمت کے مستحق وہی لوگ ہوتے ہیں جو اس کی مخلوق کے حق میں مہربان ہوتے ہیں۔ایسے محبوب اور پیارے لوگ ہی کسی معاشرے کا حقیقی سرمایہ ہوتے ہیں ۔ لوگوں کی خدمت سے انسان نہ صرف لوگوں کے دلوں میں بلکہ اللہ تعالیٰ کے ہاں بھی عزت و احترام پاتا ہے۔
مولانا رومیؒ فرماتے ہیں کہ “خدا تک پہنچنے کے بہت سے راستے ہیں لیکن میں نے خدا کا پسندیدہ راستہ مخلوق سے محبت کو چُنا۔”
دنیا میں ایسی انمول ہستیاں بھی ہیں جو کہ مخلوق کی بھلائی کے لئے ایسی ایسی بے مثال خدمات سر انجام دیتی ہیں کہ رہتی دنیا تک ان کا نام امر ہوجاتا ہے اور خدمتِ انسانیت کے لئے کئے گئے ان کے کام صدقہ جاریہ کا روپ دھارلیتے ہیں۔
کاش ہم میں بھی ہو پیدا وہی انداز لگن
تاکہ دنیا بھی عقیدت سے ہمیں یاد کرے
ہیں لوگ وہی جہاں میں اچھے
آتے ہیں جو کام دوسروں کے



نظری برای این مطلب ثبت نشده است.

رائے

ارسال نظر برای این مطلب